جموں، 17؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی سے تاریخ رچے جانے کا دعوی کرتے ہوئے بی جے پی کی جموں و کشمیر اکائی نے آج کہا کہ ہندوستان تبدیلی کے دہانے پر ہے، کیونکہ ملک کو نئی آزادی مل رہی ہے۔بی جے پی کے ریاستی ترجمان سنیل سیٹھی نے آج یہاں دعوی کیا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ تاریخ رقم کی جا رہی ہے اور ہندوستان تبدیلی کے دہانے پر ہے۔سیٹھی نے کہاکہ تبدیلی ہزاروں سال بعد ہورہی ہے جب ایک سویا ہوا ملک بیدار ہواہے اور نئی سوچ اور روح جاگی ہے۔آج کے ہندوستانی خوش قسمت ہیں کیونکہ وہ نئے ہندوستان کی تعمیر کے عمل کا حصہ بن رہے ہیں، جہاں ایمانداری ہی زندگی کی راہ ہوگی۔انہوں نے دعوی کیا اس بار بے ایمانی، غیر اصولی طور طریقے اور ملک کے لیے بے رخی سے ہندوستان کو نئی آزادی مل رہی ہے۔سیٹھی نے کہاکہ صرف بڑے نوٹوں پر پابندی نہیں لگائی جارہی ہے ، بلکہ تمام ہندوستانیوں کے دلوں میں مضبوط قوت ارادی بھی پیدا ہو رہی ہے کہ وہ ملک کے لیے جئیں گے اور ایمانداری سے جئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیا ہندوستان مستحکم جمہوری بنیادوں پر قائم ہو گا جس کی معیشت مضبوط ہوگی اور سماج میں اعلی اخلاقی اقدار ہوں گے۔غور طلب ہے کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے گزشتہ 8؍ نومبر کو 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کا اعلان کیا تھا۔